ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / اننت ناگ کے علاوہ وادی کے باقی حصوں میں کرفیو کا سلسلہ ہنوز جاری

اننت ناگ کے علاوہ وادی کے باقی حصوں میں کرفیو کا سلسلہ ہنوز جاری

Sat, 27 Aug 2016 16:54:26    S.O. News Service

سری نگر ، 27؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)جنوبی کشمیر کے اننت ناگ شہر سے 49دنوں بعد آج کرفیو ہٹا لیا گیا لیکن بادامی باغ میں واقع فوج کے ہیڈ کوارٹر تک مارچ نکالنے کے علیحدگی پسندوں کے منصوبہ کے پیش نظر قانون و انتظام کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے سری نگر سمیت وادی کے دیگر حصوں میں کرفیو کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ آج صبح اننت ناگ سے کرفیو اٹھا لیا گیا لیکن لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی اب بھی برقرار ہے ۔افسر نے بتایا کہ گزشتہ 49دنوں میں پہلی بار جنوبی کشمیر کے اس شہر سے کرفیو ہٹایا گیا ہے۔ حزب المجاہدین کے جنگجو برہان وانی کی موت کے بعد سے کشمیر میں پھیلی بدامنی کی وجہ سے یہ کرفیو لگایا گیا تھا۔اس افسر نے بتایا کہ پورے سری نگر اور جنوبی کشمیر کے پلوامہ اور پمپور شہر میں کرفیو جاری ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وادی کے باقی حصوں میں قانون وانتظام کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی جاری ہے۔علیحدگی پسندوں نے بادامی با غ چھاؤنی علاقے میں کشمیر میں چنار کور فوج کے ہیڈ کوارٹر تک ایک ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے۔اس درمیان، کرفیو ، پابندیوں اور ہڑتال کی وجہ سے مسلسل 50ویں دن معمولات زندگی درہم برہم ہے۔دکانیں، نجی دفاتر ، تعلیمی ادارے اور پٹرول پمپ بند ہیں اور پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب ہیں ۔افسر نے بتایا کہ کرفیو کی وجہ سے سرکاری دفاتر اور بینکوں میں ملازمین کی موجودگی بھی متاثر ہوئی ہے۔پوری وادی میں موبائل انٹرنیٹ سروس بھی بند ہے اور پری پیڈ موبائل فون کی آؤٹ گوئنگ سہولیات پر بھی پابندی عائد ہے۔وانی کی ہلاکت کے بعدسے شروع ہوئے احتجاجی مظاہروں میں شہریوں کی موت کو لے کر علیحدگی پسند وادی میں تحریک چلا رہے ہیں اور انہوں نے یکم ستمبر تک کے لیے وادی میں ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ جنوبی کشمیر میں اننت ناگ ضلع کے کوکیرناگ علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ ہوئے تصادم میں حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی موت کے ایک دن بعد 9 ؍جولائی سے شروع ہوئے پرتشدد مظاہروں کے دوران اب تک 68لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔


Share: